ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو نفسیاتی کورس کروانے کا فیصلہ

نعمان شیخ  جمعـء 12 جولائی 2019
ڈولفن پولیس کو ذہنی تناؤ اور حالات سے پرامن رہ کرکے مقابلہ کرنے کی تربیت دی جائے گی فوٹو:فائل

ڈولفن پولیس کو ذہنی تناؤ اور حالات سے پرامن رہ کرکے مقابلہ کرنے کی تربیت دی جائے گی فوٹو:فائل

 لاہور: ڈولفن اہلکاروں کو ذہنی تناؤ اور غصہ پر قابو پانے کےلیے ماہرین نفسیات کی مدد حاصل کرلی گئیں۔

ایس پی ڈولفن بلال ظفر نے بتایا کہ ماضی میں ڈولفن پولیس کے خلاف مشتعل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جس پر ان کو ذہنی تناؤ اور حالات سے پرامن رہ کرکے مقابلہ کرنے کےلیے نفسیاتی کورس کروانے کا فیصلہ کیا گیا، اس ضمن میں پنجاب یونیورسٹی کے سائیکولوجی ڈیپارٹمنٹ سے مدد لی گئی ہے اور جن اہلکاروں کے خلاف برے رویے کی شکایات موصول ہوئیں ہیں انہیں ماہرین نفسیات لیکچر دیں گے۔

ڈولفن اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) فورس کو ابتدائی طبی امداد دینے کا کورس بھی کروایا جائے گا۔ فرسٹ ایڈ کٹ کو ڈولفن فورس اور پی آر یو فورس کی یونیفارم کا حصہ بنایا جائے گا۔

ایس پی ڈولفن فورس شیخ بلال ظفر نے ” ایکسپریس ٹربیون ” کو بتایا کہ ٹریفک حادثہ کی اطلاع پر ڈولفن اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکار ریسکیو 1122 سے بھی پہلے جائے وقوعہ پر پہنچ جاتے ہیں، اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ جب ڈولفن اور پی آر یو فورس کے اہلکار موقع پر پہنچیں تو وہ ٹریفک حادثے میں زخمی کو طبی امداد فراہم کریں۔

ایس پی بلال ظفر نے بتایا کہ ریڈ کریسنٹ سے ڈولفن فورس کا ایک ایم او یو سائن کیا گیا ہے جس کے مطابق تمام ڈولفن اور پی آریو فورس کے اہلکاروں کو ریڈکریسنٹ ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ دے گا۔ ریڈ کریسنٹ کی جانب سے ڈولفن پولیس کو فرسٹ ایڈ کٹ بھی فراہم کی جائے گی جو وہ اپنے یونیفارم کی بیلٹ کے ساتھ ایڈجسٹ کرسکیں گے ۔

سینئر ڈاکٹر صابر ملک کا کہنا ہے کہ 99 فیصد ٹریفک حادثات میں زخمیوں کو اگر بروقت طبی امداد دے دی جائے تو ان کی زندگی کو بچایا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔