شناختی کارڈ کی آڑ میں تاجر کچھ اور مطالبات منوانا چاہتے ہیں، شبر زیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جولائی 2019
ہمیں کہا جارہا ہے کہ 400 روپے لے کر بند موبائل کو آن کردیں، شبرزیدی

ہمیں کہا جارہا ہے کہ 400 روپے لے کر بند موبائل کو آن کردیں، شبرزیدی

 اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ دال، آٹے اور سوجی سمیت کسی کھانے کی چیز پرٹیکس نہیں لگایا اور شناختی کارڈ کی آڑ میں تاجر کچھ اور مطالبات منوانا چاہ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ دال، آٹے اور سوجی سمیت کسی کھانے کی چیز پرٹیکس نہیں لگایا، کیا اب میں کاغذ پر لکھ کر دوں اگر ان چیزوں پر ٹیکس لگایا ہوتا تو جواب دہ بھی ہوتا تاہم بغیر ٹیکس لگائے روٹی کی قیمت بڑھنے کا تعلق ہم سے نہیں، اس حوالے سے وزیراعظم سے بات ہوگی۔

شبرزیدی نے کہا کہ ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جس سے صنعت اور تجارت کونقصان پہنچے اور کسی کے ساتھ بھی مذاکرات میں ڈیڈ لاک نہیں، فیصل آباد چیمبر، اپٹما اور کراچی کے تاجروں سے بات چیت ہوگئی، سیلز ٹیکس سے متعلق افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جب کہ زیروریٹنگ اورشناختی کارڈ کے معاملے پرمذاکرات ہوئے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کا مسئلہ ختم ہوگیا ہے لیکن قومی شناختی کارڈ کی شرط سے متعلق بھی غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں، شناختی کارڈ کی شرط صرف سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ 47 ہزار افراد کے لیے ہے تاہم شناختی کارڈ کی آڑ میں لوگ اپنے دیگرمسائل کوحل کرنا چاہتے ہیں۔

شبرزیدی نے کہا کہ متعدد موبائل فون ایسے ہیں جو بغیر ڈیوٹی کے امپورٹ ہوئے جن کی تعداد لاکھوں میں ہے اور اس طرح کے موبائل فونز پر 20 ہزار روپے جرمانہ بنتا ہے تاہم ہمیں کہا جارہا ہے کہ 400 روپے لے کربند موبائل کوآن کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔