جج ویڈیو کا معاملہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے جس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئں، بلاول

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جولائی 2019
کچھ تو دال میں کالا ہے جو یہی جج نوازشریف اور آصف زرداری کے کیسز سنیں گے، بلاول

کچھ تو دال میں کالا ہے جو یہی جج نوازشریف اور آصف زرداری کے کیسز سنیں گے، بلاول

سکھر: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ تو دال میں کالا ہے جو یہی جج نوازشریف اور آصف زرداری کے کیسز سنیں گے۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گھوٹکی کے ضمنی الیکشن کو سلیکشن بنانے کی کوشش کررہی ہے، گھوٹکی کے عوام نے اپنا فیصلہ سنایا جو سلیکٹڈ کو سمجھ نہیں آرہا لیکن جتنا مرضی دباو ڈالو جیت پیپلزپارٹی کی ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا ہے، وفاق صوبوں کامعاشی قتل کررہا ہے، پنجاب اورخیبرپختونخواکی طرح سندھ کے حق پر بھی ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، ہم مہنگائی، عوام دشمن بجٹ اورکٹھ پتلی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے جب کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پریقین رکھتی ہے، ہم نے مفت علاج اورصحت کوترجیح دی، سندھ کے ہر ضلع میں دل کےمرض کاعلاج مفت فراہم کیا جارہا ہے، سندھ کا مقابلہ دوسرے صوبوں سےنہیں بیرون ممالک سے ہورہا ہے۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ویڈیو کا معاملہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ویڈیولیک کی صاف اورشفاف تحقیقات ہونی چاہیئں، رات کے اندھیرے میں ججزکے خلاف ریفرنسز بھجوایا جاتا ہے، یہ وہی ادارے کے ججزہیں جنہوں میرے نانا اورمیری والدہ کے کیس میں انصاف نہیں دیا، جب کہ کچھ تو دال میں کالا ہے یہی جج نوازشریف اور آصف زرداری کے کیسز سنیں گے، ادارے آزاد ہونے چاہیئں اس کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گا اور دباؤکے بغیر فیصلے ہوں گے تو اچھے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔