مالی سال 19 - 2018 میں ملکی برآمدات کا ہدف پورا نہ ہوسکا

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جولائی 2019
مئی کے مقابلے میں جون کی برآمدات 18.32 فیصد اور درآمدات کی مالیت 13.45 فیصد کم رہیں، اعداد وشمار. فوٹو؛ فائل

مئی کے مقابلے میں جون کی برآمدات 18.32 فیصد اور درآمدات کی مالیت 13.45 فیصد کم رہیں، اعداد وشمار. فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: مشیر تجارت مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے برآمدات 25 ارب ڈالر تک رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم ایکسپورٹ 22 ارب 98 کروڑ ڈالر رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے برآمدات 25ارب ڈالر تک رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم  مالی سال 2018-19 کی ایکسپورٹ 22 ارب 98 کروڑ ڈالر رہی اور ملکی برآمدات کا ہدف پورا نہ ہوسکا، جب کہ مالی سال 2018-19 میں سال بہ سال برآمدات ایک فیصد جب کہ درآمدات 9.86 فیصد کم رہیں اور درآمدات کی مالیت 54.78 ارب ڈالر رہی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2018-19 کا تجارتی خسارہ سال بہ سال 15.33 فیصد کم رہا اور تجارتی خسارے کی مالیت 31 ارب 82 کروڑ ڈالر رہی۔

اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ مئی کے مقابلے میں جون کی برآمدات 18.32 فیصد کم ہو کر برآمدات کی مالیت ایک ارب 71 کروڑ ڈالر رہی، اور جون کے مہینے میں درآمدات کی مالیت 13.45 فیصد کمی سے 4 ارب 36 کروڑ ڈالر رہی، جب کہ جون کے مہینے کا تجارتی خسارہ مئی کے مقابلے میں 10فیصد کمی سے 2.64 ارب ڈالر رہا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔