بجٹ میں ارب پتی چوروں کو تحفظ فراہم کیا گیا، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جولائی 2019
عوام نے دیکھ لیا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، بلاول بھٹو، فوٹو: فائل

عوام نے دیکھ لیا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، بلاول بھٹو، فوٹو: فائل

گھوٹکی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بجٹ میں مزدوروں کا معاشی قتل اور ارب پتی لوگوں و چوروں کو تحفظ فراہم کیا گیا۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بجٹ کے خلاف ریلی نکالی گئی، مختلف اضلاع سے گزرنے والی ریلی کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگے ہوئے تھے، جہاں رک کر بلاول بھٹو زرداری خطاب کرتے رہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان مہنگا پاکستان ہے، یہ کس قسم کا نیا پاکستان ہے کہ غریب عوام عذاب و کرب میں مبتلا ہے،  کٹھ پتلی حکومت نے غریب عوام کی زندگی کو عذاب بنا دیا ہے، سلیکٹیڈ حکومت نے دھاندلی زدہ بجٹ دیا، یہ بجٹ ان چوروں کے لیے ہے جن کے خلاف عمران خان 20 سال تک شور مچاتے رہے، عمران خان انہی چوروں کے لیے ایمنسٹی اسکیم بھی لائے، اس عوام دشمن بجٹ میں غریب عوام کے لیے کچھ بھی نہیں، بجٹ میں مزدوروں کا معاشی قتل کیا گیا ٹیکسز کا طوفان کھڑا کیا گیا، بجٹ میں ارب پتی لوگوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام نے دیکھ لیا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، 50 لاکھ گھر کہاں، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں؟ غریبوں کے لئے صرف بے روزگاری رہ گئی ہے اور ان کے سروں کی چھت تک چھین لی گئی ہے، اس سلیکٹیڈ حکومت نے ایک سال کے اندر ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم صرف امپائر کی انگلی پہ ناچتا ہے، میں ان کی اصل شکل بے نقاب کرنے کے لئے سڑکوں پر نکلا ہوں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سندھ  کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے سندھ پورے ملک کو گیس سپلائی کرتا ہے اور اس کے 170 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا گیا، جو عوام کے ٹیکسز کے پیسے ہیں نہ کہ کسی کٹھ پتلی حکومت کے ہیں، تھر کول پر بھی ٹیکس لگایا ہے جس کے باعث بجلی مہنگی ہوگی، کٹھ پتلی حکومت عوام کے معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے اور میں عوام کے معاشی تحفظ اور حقوق کے لئے نکلا ہوں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔