پشاورمیں گاڑی سے اسلحہ اور 8 ہزار کارتوس برآمد، 2 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 12 ستمبر 2013
 تلاشی کے دوران گاڑی کی ڈگی سے کارتوس برآمد ہوئے جو مختلف خانوں کے اندر چھپائے گئے تھے۔ فوٹو: ایکسپریس

تلاشی کے دوران گاڑی کی ڈگی سے کارتوس برآمد ہوئے جو مختلف خانوں کے اندر چھپائے گئے تھے۔ فوٹو: ایکسپریس

پشاور: ہشت نگری پولیس نے گاڑی سے اسلحہ اور 8 ہزار کارتوس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیشگی اطلاع پر  پولیس نے جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی اور اسی دوران کینٹ کی جانب سے آنے والی گاڑی کو پولیس نے روکا اور تلاشی لی، تلاشی کے دوران گاڑی کی ڈگی سے اسلحہ اور کارتوس برآمد ہوئے جو مختلف خانوں کے اندر چھپائے گئے تھے، پولیس نے گاڑی میں سوار 2 ملزمان کو حراست میں لے کر گاڑی اور اسلحہ قبضے میں لے لیا۔

گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق باڑہ کے نزدیک علاقے پشتہ خرہ سے ہے اور دوسرے کا تعلق نمک منڈی سے ہے، پولیس نے دونوں ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے لئے ہشت نگری پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کو پیشگی اطلاع تھی کہ قبائلی علاقے سے بڑی تعداد میں اسلحہ یا بارودی مواد اسمگل کیا جا رہا ہے جسے شدت پسند پشاور میں کسی بڑی دہشت گردی کی کارروائی میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔