ڈی ایس پی رحیم بنگش قتل کیس میں 3 ملزم عدم ثبوت پر بری

کورٹ رپورٹر  اتوار 14 جولائی 2019
پولیس ایم کیو ایم کے ابو عرفان عرفی، اشتیاق اور فیصل کے خلاف شواہد پیش نہ کر سکی

پولیس ایم کیو ایم کے ابو عرفان عرفی، اشتیاق اور فیصل کے خلاف شواہد پیش نہ کر سکی

کراچی:  ماڈل کورٹ نے ڈی ایس پی رحیم بنگش قتل کیس میں عدم شواہد کی بنیاد پرٹارگٹ کلر ابو عرفان عرفی سمیت 3 ملزمان کو بری کردیا۔

سینٹرل جیل کے جوڈیشل کمپلیکس میں ماڈل عدالت نے ڈی ایس پی رحیم بنگش قتل کیس کا فیصلہ سنادیا، پولیس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی، عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ایم کیو ایم کے ابو عرفان عرفی سمیت 3ملزمان کو بری کر دیا، ملزمان میں اشتیاق پولیس والا اور فیصل خواجہ شامل ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزمان کسی اور مقدمے میں ملوث نہیں تو انھیں رہا کیا جائے، عدالت کے روبرو عینی شاہد نے ملزمان کو شناخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ملزمان کے وکیل عابد زمان ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ پولیس کی جانب سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے جبکہ مقدمے کا کوئی چشم دیدگواہ بھی پیش نہیں کیا جاسکا اور جس چشم دید گواہ کو پیش کیا گیا تھا اس نے ملزمان کی شناخت سے انکار کردیا تھا، پولیس کے مطابق ملزمان نے دسمبر 2008 میں میٹھادر تھانے کی حدود میں ڈی ایس پی رحیم بنگش پر حملہ کیا تھا جس میں ڈی ایس پی جاں بحق ہوگئے تھے، ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔