نوجوت سنگھ سدھو نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا

ویب ڈیسک  اتوار 14 جولائی 2019
حال ہی میں نوجوت سدھو کا قلمدان تبدیل کر دیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

حال ہی میں نوجوت سدھو کا قلمدان تبدیل کر دیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

چندی گڑھ: نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو اپنی وزارت سے استعفیٰ پیش کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نوجوت سنگھ نے ایک ٹویٹ میں صوبائی وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا جب کہ انہوں نے راہول گاندھی کے نام لکھے گئے استعفیٰ کاعکس بھی شیئر کیا۔ بقول سدھو انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلٰی پنجاب کو بھیجا تاہم وزیراعلیٰ ہاؤس کو تاحال استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔

نوجوت سنگھ نے اپنے سادہ سے استعفیٰ میں مستعفی ہونے کی وجہ تحریر نہیں کی، کانگریس کی جانب سے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے جب کہ راہول گاندھی لوک سبھا انتخابات میں شکست فاش پرخود پارٹی صدارت سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور تاحال صدارت سنبھالنے کو تیار نہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو اپنے وزیراعلیٰ سے اختلاف کے باعث گزشتہ ماہ ہی وزارت بلدیات اور سیاحت و ثقافت سے دستبردار ہوگئے تھے تاہم راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد معاملات طے پاگئے تھے جس کے بعد سدھو کو وزارت توانائی دی گئی تھی تاہم انہوں نے اپنی ذمہ داریاں نہیں سنبھالی تھیں۔

نوجوت سنگھ اور وزیراعلٰی پنجاب آرمیندرا سنگھ کے درمیان اختلافات اس وقت شدت اختیار کرگئے تھے جب لوک سبھا کے انتخابات میں نوجوت سنگھ کی اہلیہ نوجوت کور سدھو کو ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔