امریکا میں بچوں سمیت کار کو اغوا کرنے والا شخص مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 14 جولائی 2019
والدین نے دوسری گاڑی میں اغوا کار کا پیچھا کیا اور ایک سگنل پر پکڑ لیا (فوٹو : ٹویٹر)

والدین نے دوسری گاڑی میں اغوا کار کا پیچھا کیا اور ایک سگنل پر پکڑ لیا (فوٹو : ٹویٹر)

پنسلوانیا: امریکا میں 3 بچوں سمیت کار چوری کرنے والے شخص کو مشتعل ہجوم نے تعاقب کر کے پکڑلیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا کے سپر اسٹور کے باہر والدین کار پارک کرکے خریداری میں مصروف تھے جب کہ تین بچے کار کی پچھلی نشست پر بیٹھے تھے کہ ایک شخص گاڑی چرا کر بھاگ گیا۔

والدین نے یہ منظر دیکھا تو چیخ و پکار کی جس سے سپر اسٹور میں موجود دیگر لوگ بھی متوجہ ہوئے، والدین نے ٹیکسی کے ذریعے کارسوار چور کا پیچھا کیا اور ایک سگنل پر اسے پکڑلیا۔ اسی دوران ایک ہجوم بھی موقع پر پہنچ گیا۔

مشتعل ہجوم نے کار چور شخص پر جوتوں، لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی جس کے باعث ملزم شدید زخمی ہوگیا جسے پولیس نے قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکا۔ ملزم کی شناخت 54 سالہ ایرک ہوڈ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے ملزم کی موت کی وجہ کے تعین ہونے تک کسی قسم کا مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اغوا ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔