لاہورمیں2غیرقانونی گیٹ وےایکس چینچزپکڑی گئیں

خصوصی رپورٹر  جمعـء 13 ستمبر 2013
چھاپے کے دوران ایف آئی اے نے ایک شخص کو بھی موقع سے گرفتار کیا۔ فوٹو: فائل

چھاپے کے دوران ایف آئی اے نے ایک شخص کو بھی موقع سے گرفتار کیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد:  پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی ٹیلی کام ٹریفک میں ملوث وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (وی او آئی پی) میں آپریشنل 2 غیرقانونی گیٹ وے ایکس چینجز قبضے میں لے لیے ہیں۔

پی ٹی اے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی کے دوران لاہور کے علاقے ذاکر پلازہ نزد ٹھوکر نیاز بیگ اور مانگا منڈی میں چھاپے کے دوران ٹیلی کام ٹریفک میں ملوث وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول میں آپریشنل 2 غیرقانونی گیٹ وے ایکس چینجز قبضے میں لے لیے ہیں، یہ کامیاب چھاپے مسلسل نگرانی کی وجہ سے ممکن ہوئے جو پی ٹی اے کے عزائم اوران مسلسل کاوشوں کو ظاہر کرتا ہے جو غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کو روکنے کے لیے جاری ہیں، مانگا منڈی میں چھاپے کے نتیجے میں 5 وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول گیٹ ویز ،ہارڈویئر اور 100 موبائل سمیں ضبط کرلی گئیں۔

چھاپے کے دوران ایف آئی اے نے ایک شخص کو بھی موقع پر سے فرار ہو تے ہوئے گرفتار کر لیا جبکہ ذاکر پلازہ نزد ٹھوکر نیاز بیگ میں چھاپے کے دوران 16آپریشنل وی او آئی پی جی ایس ایم پر مشتمل غیر قانونی سیٹ اپ اور دیگر ہارڈویئر قبضے میں لے لیے گئے، یہ غیر قانونی ایکسچینج غیر قانونی بین الاقوامی کالوں کے لیے 4 ڈی ایس ایل کنکشنز استعمال کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ پی ٹی اے غیرقانونی ٹیلی کام ٹریفک کی مانیٹرنگ کے نظام کے ذریعے ملک میں آنے والی بین الاقوامی ٹریفک پر 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہے جس کا بنیادی مقصد غیرقانونی ایکس چینجز اور اس میں ملوث عناصرکی نشاندہی کرنا ہے، ایسے ایکس چینجز قومی خزانے کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام سیکٹر کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔