بیوی کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے والا شوہر، دیور اور نند گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 15 جولائی 2019
اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں گھر کے اندر سے 16 سالہ بہو اقراء بتول کی پھندا لگی لٹکی ہوئی لاش ملی تھی (فوٹو: فائل)

اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں گھر کے اندر سے 16 سالہ بہو اقراء بتول کی پھندا لگی لٹکی ہوئی لاش ملی تھی (فوٹو: فائل)

 کراچی: اقبال مارکیٹ پولیس نے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے والے سسرالیوں کو گرفتار کرلیا، قتل میں خاتون کا شوہر، نند اور دیور ملوث نکلے۔

ایکسپریس کے مطابق جمعرات کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں گھر کے اندر سے 16 سالہ اقراء بتول کی پھندا لگی لٹکی ہوئی لاش ملی، اقرا کے والد غضنفر حسین کاظمی نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو سسرالیوں نے قتل کرکے خودکشی کا رنگ دیا ہے۔ اقرا کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا جس کی تفصیلی رپورٹ چند روز بعد موصول ہوگی۔

اس سلسلے میں پولیس نے ابتدائی تحقیقات کیں اور پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوئی تو معلوم ہوا کہ واقعہ درحقیقت خودکشی نہیں بلکہ قتل ہی ہے ، اقرا کو گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا اور بعد میں لاش لٹکادی گئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 174/19 قتل کی دفعہ کے تحت اقرا کے والد غضنفر کاظمی کی مدعیت میں درج کرکے اقرا کے شوہر تیمور، دیور شہزاد اور نند نورین کو گرفتار کرلیا۔

غضنفر کاظمی نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ اس کی بیٹی پر شادی کے بعد سے ہی سسرال والے ظلم کرتے تھے اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بناتے تھے جس کا ذکر ان کی بیٹی متعدد مرتبہ کرچکی تھی۔

اس ضمن میں انھوں ںے بیٹی کے سسرال والوں سے کئی مرتبہ بات چیت بھی کی لیکن ہر تھوڑے دن بعد یہی صورتحال ہوتی اور وہ دھمکیاں دیتے تھے کہ ان کی بیٹی کو جان سے مار دیں گے ، بعدازاں انھوں نے ان کی بیٹی کی جان ہی لے لی۔ پولیس حکام نے تینوں افراد کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش کا آغاز کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔