چیمپئنز لیگ؛ فیصل آباد کے معاملے پر بھارت نے چپ سادھ لی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 13 ستمبر 2013
کھلاڑی کیمپ ختم ہونے کے بعد گھروں کو روانہ، ویزے لگنے کا امکان نہیں، ذرائع۔   فوٹو: فائل

کھلاڑی کیمپ ختم ہونے کے بعد گھروں کو روانہ، ویزے لگنے کا امکان نہیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور: ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد وولفز کی شرکت کے معاملے پر بھارت نے چپ سادھ لی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو جمعرات کی شام تک بھارتی سفارتخانے سے پاسپورٹس موصول نہیں ہوئے، بی سی سی آئی کی طرف سے باضابطہ طور پرکوئی جواب بھی نہیں دیا گیا، غیر یقینی کی کیفیت کا شکار کھلاڑی کیمپ ختم ہونے کے بعد گھروں کو روانہ ہوگئے، جمعے کی شام تک مثبت جواب ملا تو اگلے روز ڈھائی بجے روانگی کیلیے دوبارہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کرینگے،ذرائع کے مطابق ویزے لگنے کا زیادہ امکان نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں شیڈول ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد وولفز کی شرکت کے معاملے میں گزشتہ روز بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ ہفتے کی سہ پہر ڈھائی بجے روانگی کیلیے بورڈ کی طرف سے ٹکٹوں سمیت تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، بھارتی میڈیا میں بدھ کو ہی اطلاعات گردش کرنے لگیں تھیں کہ پاکستانی کرکٹرز کو ویزے دینے سے انکار کردیا گیا ہے تاہم پی سی بی کو کوئی باضابطہ اطلاع نہیں کی گئی، جمعرات کو بھی ڈیڈ لاک برقرار رہا، ذرائع کے مطابق بورڈ کو بھارتی سفارتخانے سے کھلاڑیوں کے پاسپورٹس موصول نہیں ہوسکے، نہ ہی بی سی سی آئی یا ایونٹ کے منتظمین کی طرف سے ہاں یا ناں میں کوئی جواب دیا گیا۔

دوسری طرف قومی ڈومیسٹک چیمپئن فیصل آباد وولفز کا لاہور میں تربیتی کیمپ گذشتہ روز ختم ہوگیا، غیر یقینی کی کیفیت کا شکار کرکٹرز گھروں کو روانہ ہوچکے،بیشتر نے صورتحال پر سخت مایوسی کا اظہار کیا۔ جمعرات کی شام 5 بجے تک سفارت خانہ سے ویزوں کے حامل پاسپورٹ موصول ہوگئے تو کھلاڑی رات کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرکے ہفتے کو سہ پہر بھارت روانہ ہوجائینگے، دوسری صورت میں انھیں نہیں بلایا جائیگا۔

ایک پلیئر نے کہا کہ ایونٹ انٹرنیشنل سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، بھرپور تیاری کے باوجود شرکت نہ کرسکے تو مایوسی ہوگی، اگر بھارت کی طرف سے انکار ہی کیا جانا تھا تو اتنا وقت ضائع کرنے سے پہلے ہی بتا دیتے۔ٹیم منیجر ہارون رشید نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کے باوجود ٹیم نے تیاریاں جاری رکھیں، گرین سگنل ملتے ہی تمام کرکٹرز پرفارم کرنے کیلیے تیار ہونگے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پلیئرز کے ویزے لگنے کا زیادہ امکان باقی نہیں رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔