نواز شریف قوم کو جیل سے بھی اچھی اور سلیکٹڈ وزیراعظم بری خبریں سنا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2019
نالائق حکومت نواز شریف کے منصوبوں کا افتتاح کرنے سے بھی ڈر رہی ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

نالائق حکومت نواز شریف کے منصوبوں کا افتتاح کرنے سے بھی ڈر رہی ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف جیل سے بھی عوام کو اچھی خبر دے رہے ہیں اورسلیکٹڈ وزیراعظم قوم کو روز بری خبریں سنا رہا ہے۔

ملتان سکھر موٹروے کی تکمیل پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملتان سکھر موٹروے کی تکمیل جنوبی پنجاب اور سندھ کےعوام کو مبارک ہو، چین کی حکومت اور کمپنی کو بھی موٹر ویز کا جال بچھانے پرمبارک دیتے ہیں، یہ سی پیک کا سب سے بڑا منصوبہ تھا جو الحمداللہ مکمل ہوگیا۔ 392 کلومیٹر طویل موٹروے پاکستان دوستی کا شاہکار ہے،اس کے لیے چین نے فراخدلانہ رعایتی قرض فراہم کیا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا موٹروے کے ذریعے پورے ملک کو جوڑنے کا خواب پورا ہورہا ہے، بے گُناہ نواز شریف جیل میں بیٹھ کر بھی عوام کو اچھی خبر دے  رہے ہیں اور وزیراعظم ہاؤس میں قید سلیکٹڈ وزیراعظم قوم کو روز بُری خبریں سنا رہے ہیں، نواز شریف نے اتنے منصوبے لگائے کہ نالائق حکومت ان کا افتتاح کرنے سے بھی ڈر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔