امریکا اپنے شہریوں کی خفیہ معلومات اسرائیل کو دیتا رہا، برطانوی اخبار

اے ایف پی / خبر ایجنسیاں  جمعـء 13 ستمبر 2013

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

لندن: ایک برطانوی اخبار’’گارڈین‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے شہریوں کی معلومات باقاعدگی سے اسرائیل کوفراہم کیں جبکہ جرمن میگزین ’’درسپیگل‘‘ نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں اسی بات کا انکشاف کیا ہے۔

گارڈین اخبار کا کہنا ہے کہ این ایس اے گزشتہ کئی برسوں سے انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی کالز کی نگرانی کرتی رہی ہے۔ امریکا کی طرف سے یہ معلومات اسرائیلی نیشنل یونٹ کو مہیا کی جاتی تھیں، سیکرٹ ڈیل میں اسرائیل کو ڈیٹا کی فراہمی کی کوئی قانونی حد نہیں، امریکی شہریوں کی یہ معلومات بغیرچھانٹی کے اسرائیل کو فراہم کی جاتی رہیں۔

اخبار نے یہ دعویٰ سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور این ایس اے کے درمیان یہ معاہدہ 2009 میں طے پایا جس کے تحت ایجنسی اوباما انتظامیہ کی منظوری کے بعد خفیہ معلومات اسرائیل کودیتی ہے۔ صرف امریکی سرکاری حکام کی خفیہ معلومات محفوظ رکھی گئی ہیں، امریکی حکام کی طرف سے ان خبروں پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔