بھارت کے چاند پر جانے کے لیے تیار اسپیس مشن میں خرابی آگئی

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2019
چندرایان دوم کو آج روانہ ہونا تھا اور 7 ستمبر کو چاند کی سرزمین پر اترنا تھا (فوٹو : آئی ایس آر او)

چندرایان دوم کو آج روانہ ہونا تھا اور 7 ستمبر کو چاند کی سرزمین پر اترنا تھا (فوٹو : آئی ایس آر او)

نئی دلی: بھارت کا چاند پر بھیجا جانے والا خلائی مشن چندرایان ٹو تکنیکی خرابی کے باعث چاند پر روانہ نہیں کیا جاسکا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی خلائی تحقیقی ادارے نے چاند کے لیے بھیجا جانے والا اپنا دوسرا مشن روانگی کو وقت سے محض ایک گھنٹہ قبل مؤخر کر دیا۔ یہ وہ وقت تھا جب دنیا بھر میں بھارتی شہری اسپیس کی روانگی کے لیے پُرجوش تھے۔ اس مشن پر 15 کروڑ ڈالر کی لاگت آئی تھی اسے 7 ستمبر کو چاند کی سرزمین پر پہنچنا تھا۔

انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے مشن کی روانگی سے محض ایک گھنٹہ قبل ٹویٹر پر بیان جاری کیا کہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث انتہائی احتیاط کے سبب چندرایان ٹو مشن کو روک لیا گیا ہے، تاہم ادارے نے تکنیکی خرابی کی نوعیت نہیں بتائی اور نہ ہی روانگی کی نئی تاریخ کا اعلان کیا۔

بھارتی خلائی ادارے کے چاند پر بھیجے جانے والے مشن چندرایان دوم کو زمین سے نظر نہ آنے والے چاند کے حصے پر لینڈ کرنا تھا جہاں ایک روبوٹ گاڑی چاند کی سرزمین پر پانی اور دیگر معدنیات کے ذخائر کی موجودگی اور ان کا تجزیہ اور تحقیق کرنے کیلیے مامور تھی۔ اگر یہ مشن چاند پر پہنچ جاتا تو امریکا، روس اور چین کے بعد بھارت یہ اعزاز حاصل کرنے والا چوتھا ملک بن جاتا۔

واضح رہے کہ بھارت نے 2017ء میں ایک ہی مہم کے دوران 104 مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے تھے جب کہ وزیراعظم نریندرا مودی نے 2022ء میں اپنے 3 سائنس دانوں کو بھی خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔