پرائیویٹ اسکولوں کی رجسٹریشن پر عائد پابندی ختم

اسٹاف رپورٹر  منگل 16 جولائی 2019
والدین کی سہولت کیلیے اسکولز کی تمام معلومات آن لائن کر دی، سردار علی شاہ، محنتی افسران کیلیے انعام کا اعلان
 فوٹو: فائل

والدین کی سہولت کیلیے اسکولز کی تمام معلومات آن لائن کر دی، سردار علی شاہ، محنتی افسران کیلیے انعام کا اعلان فوٹو: فائل

کراچی:  وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے ایک اور انقلابی قدم اٹھالیا ہے اور ان کی ہدایات پر محکمہ تعلیم کی طرف سے والدین کی سہولت کے لیے نجی اسکولز کی تمام تر معلومات اب آن لائن کردی گئی ہے۔

صوبہ سندھ میں موجود تمام نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور فیس اسٹرکچر کی معلومات کو ڈجیٹلائیز کرکے اس کی ایک الگ سے ویب سائٹ تیار کردی گئی ہے جس کا افتتاح وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقدہ لاؤنچنگ تقریب میں کیا، تقریب میں سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز منسوب صدیقی، رجسٹرار رافیعہ ملاح اور سندھ بھر کے پرائیویٹ اسکولز کے نمائندوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کہا کہ اب کسی بھی والدین کو پرائیویٹ اسکولوں کے فیس یا رجسٹریشن سے متعلق معلومات ان کی ایک کلک پر دستیاب ملے گی،اسکولوں کو آن لائن رجسٹریشن کا عمل قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ محکمہ تعلیم میں بہتری ہورہی ہے،یہ تعلیم کی بہتری کے لیے سنگ میل ہے اور ابھی اور مزید کامیابیاں حاصل کرنی ہیں،ہمیں قوم کے بچوں کو اپنے بچے تصور کرنا ہوگا ، پبلک سیکٹر ہوں یا پرائیویٹ سیکریٹری جب تک ہم سب ان بچوں کو اپنا بچہ نہیں سمجھیں گے تب تک تبدیلی نہیں آسکتی،تبدیلی زبردستی نہیں آئے گی جیسے عمران خان اور شبر زیدی لائے ہیں۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ میں نجی اسکولوں کے خلاف نہیں ہوں پر والدین کے ساتھ ہوں،جن کی جیب کا احساس ہے مجھے،جتنا ہوسکے سہولیات دی جائیں، جب کہ قانون کے مطابق فیسیں لینی چاہیے،سندھ کے 6 کروڑ لوگوں کے ساتھ ان لاکھوں بچوں کی بھی فکر ہے جو اسکولوں سے باہر ہیں۔

وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے تمام پرائیویٹ اسکولز کو گزارش کی کہ وہ سب اپنے اپنے اسکولز میں بچوں کے ساتھ ملکر شجرکاری کا سلسلہ شروع کریں کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، انھوں نے سرکاری اسکولوں میں بھی جلد ہی شجرکاری مہم چلانے کا اعلان کیا۔

ان سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسکولز قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ یہ ویب سائٹ محکمے کے اپنے ہی افسران نے تیار کی ہے، اگر ہم کسی نجی سافٹ ویئر کمپنی کو اسکا ٹھیکہ دیتے تو خواہ مخواہ لاکھوں روپے خرچ ہوتے۔

سیکریٹری اسکولز کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسی طرح سرکاری اسکولوں کا ڈیٹا بھی ڈجیٹائیز کریں گے انہوں نے کہا کہ چونکہ ویب سائیٹ تیاری کے مراحل میں تھی تبھی محکمہ تعلیم نے نئے پرائیویٹ اسکولز کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کی تھی جس کو اب ختم کیا جاتا ہے،اس موقع پر سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد نے ویب سائیٹ تیار کرنے والے محکمے کے محنتی افسران کے لیے انعام کا اعلان بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔