انگلش ٹیم نے رات بھر ورلڈکپ میں فتح کا جشن منایا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 16 جولائی 2019
وزیر اعظم کی جانب سے عشائیہ،پلیئرز کے نام آنرز لسٹ میں شامل ہونگے

وزیر اعظم کی جانب سے عشائیہ،پلیئرز کے نام آنرز لسٹ میں شامل ہونگے

 لاہور:  انگلش ٹیم نے رات بھر ورلڈ کپ فتح کا جشن منایا،’’ہم ہیں چیمپئن‘‘ کے نعرے بلند کیے جاتے رہے۔

لندن کے لارڈزگراؤنڈ میں ٹرافی اٹھاکر جشن منانے کا سلسلہ ڈریسنگ روم میں بھی جاری رہا، جوز بٹلر اور مارک ووڈ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے خوب ہلہ گلہ کیا،لیام ڈاسن تمام مناظر کی عکس بندی کرتے رہے، جوز بٹلر نے سام بلنگز کو شراب میں نہلا دیا،ٹام کیورن نے بیئر کے ساتھ سگریٹ کا دھواں اڑایا،اس موقع پر کھلاڑیوں کی بیگمات اورگرل فرینڈز بھی موجود رہیں۔سب مل کر ’’ہم ہیں چیمپئن، ہم ہیں چیمپئن‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

پیر کی صبح فاتح کھلاڑیوں نے ایک بار پھر اوول کا رخ کیا اور وہاں شائقین کی خوشیوں میں شریک ہوئے، وزیر اعظم تھریسا مے کی جانب سے انگلش ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا، رات کو 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں عشائیہ کا اہتمام بھی ہوا۔

انگلینڈ کی شاہراؤں، ہوٹلوں اور گھروں میں بھی ورلڈکپ کا جشن منانے کا سلسلہ جاری رہا، شہریوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد کے پیغامات بھجوائے، سوشل میڈیا پر فتح کے لمحات اور ٹرافی کی تصاویر شیئر کرنے کی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔

دوسری جانب کرکٹرز کے نام نئے سال کی آنرز لسٹ میں شامل کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں،کوچ ٹریور بیلس کو بھی اعزاز سے نوازنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔