سندھ اسمبلی؛ قلت اور تقسیم آب کی صورتحال پر ارکان پھٹ پڑے

اسٹاف رپورٹر  منگل 16 جولائی 2019
اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجاکر نادرمگسی کی تقریر کا خیرمقدم کیا، عالمی بینک کے پروجیکٹ سے مسئلہ کسی حد تک حل ہو جائے گا، وزیر بلدیات
فوٹو:فائل

اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجاکر نادرمگسی کی تقریر کا خیرمقدم کیا، عالمی بینک کے پروجیکٹ سے مسئلہ کسی حد تک حل ہو جائے گا، وزیر بلدیات فوٹو:فائل

کراچی:  سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ارکان پانی کی قلت اور تقسیم آب کی صورت حال پر پھٹ پڑے۔

پی پی رہنما نادرمگسی نے کہاکہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ہم اپنے حلقوں میں نہیں جاسکیں گے، اپنی ہی حکومت کے اقدامات پر تنقید کردی۔ اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجاکر نادرمگسی کی تقریر کا خیرمقدم کیا۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاکہ عالمی بینک کے پروجیکٹ سے مسئلہ کسی حد تک حل ہوجائے گا،کارروائی کے دوران ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے پولیس اصلاحات ترمیمی بل کی توثیق کااعلان کیا، اجلاس آج (منگل کو) دوبارہ ہوگا۔

پیر کو اجلاس میں سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ شہر کی جن بستیوں میں جہاں جہاں بھی پانی کے غیرقانونی کنکشن موجودہیں ان کو ختم کیا جائے گا اور کسی بھی شخص کو غیر قانونی کام میں نہیں پڑنا چاہیے۔

سندھ اسمبلی میں ارکان کے مختلف توجہ دلاؤ نوٹسز کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ عنقریب ورلڈ بینک کا ایک بڑا پروجیکٹ آرہا ہے جس میں بہت سے علاقوں کو حصہ دیا جائے گا اور ان کا پانی کا مسئلہ کسی حد تک حل ہو جائے گا۔

تحریک انصاف کے شہزاد اعوان نے اپنے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے اس بات کی نشاندہی کی کہ ان کے حلقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن، گلشن غازی اور عابد آباد میں پانی کے سنگین مسائل ہیں۔ میرا حلقہ بھی تھر کا قحط زدہ علاقہ بن گیا ہے۔ سعید غنی نے کہاکہ اتحاد ٹاؤن بڑی آبادی والا علاقہ ہے اور وہاں بھی شہر کے دوسرے علاقوں کی طرح پانی کا مسئلہ ہے۔

ایم کیو ایم کے ریاض حیدر نے شہر میں فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات کے قیام پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ انھوں کہا کہ میرے حلقے سینٹرل میں حالات زیادہ ابتر ہیں، پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کا نام لے کر قبضے کیے جارہے ہیں۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ یہ کسی ایک علاقے یا حلقے کا ایشو نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے بعض دکاندار بھی قبضے کرتے ہیں۔ ہم سب اراکین اسمبلی بھی اس ایشو پر مزاحمت کرتے ہیں مگر بلا سبب کسی کو بے روزگار یا بے گھر نہیں کیا جائے گا۔

سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے پیر کو ایوان کی کارروائی کے دوران پولیس اصلاحات ترمیمی بل کی توثیق کا اعلان کیا۔کارروائی کے دوران روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی ہیراسماعیل سوہو کی تحریک التوا ایوان میں پیش کردی گئی تاہم ڈپٹی اسپیکر نے اس پر بحث پیر تک موخر کردی۔ بعد میں سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی دوپہر 2بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔