مرید عباس کی قتل سے دو روز پہلے کی آڈیو ریکاڈنگ سامنے آگئی

ویب ڈیسک  منگل 16 جولائی 2019

کراچی: اینکر پرسن مرید عباس کی دوسرے سرمایہ کار کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر پرسن مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کی تحقیقات میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، مقتول اینکر مرید عباس کی ایک اور سرمایہ کار کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

یہ  پڑھیں: مرید عباس قتل کے چشم دید گواہ کے انکشافات

ذرائع کے مطابق ریکارڈنگ مرید عباس کے قتل سے دو روز پہلے کی ہے جس میں قاتل عاطف زمان کے رویے اور پیسوں کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہی، مرید عباس ایک نامعلوم سرمایہ کار کو بتا رہا ہے کہ عاطف زمان بہت زیادہ جھوٹ بولتا ہے اور فلمی کہانیاں سناتا ہے، وہ بہت جھوٹا ہے قرآن سر پر بھی رکھ کر بولے گا تو یقین نہیں کروں گا، آپ عاطف سے اپنے منافع کا مطالبہ کرتے رہیں، میں آپ کو اپ ڈیٹ کرتا رہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: اینکر مرید عباس قتل کیس میں نیا موڑ

سرمایہ کار نے کہا کہ میں عاطف زمان سے اپنا منافع مانگتا رہوں گا کیوں کہ لوگوں کو پیسے واپس کرنے ہیں، عاطف سے منافع لینا ہے اور پھر پیسے بھی واپس نکلوانے ہیں۔

سرمایہ کار مقتول اینکر سے پوچھتا ہے عاطف زمان تمہارے ساتھ والے فلیٹ میں ہی رہتا ہے جس پر مرید عباس نے بتایا کہ عاطف زمان میرے فلیٹ کے اوپر والے فلیٹ میں رہتا ہے، ہم دونوں نے فلیٹ ساتھ خریدا تھا لیکن ڈیڑھ کروڑ کے فلیٹ کی کیا اوقات جب معاملہ 100 کروڑ کا ہو۔

اسی سے متعلق: کراچی فائرنگ میں نیوز اینکر سمیت 4 افراد جاں بحق

پھر سرمایہ کار نے دریافت کیا کہ عاطف کے ناران کاغان جانے کا کیا قصہ ہے؟  جس پر مرید عباس نے بتایا کہ خضر کی مدد سے عاطف کی لوکیشن ٹریس کی وہ ناران کاغان گیا ہی نہیں تھا، لوکیشن حب اور پھر ایپٹ آباد کی آرہی تھی، یہ وہیں تھا اور واپسی پر عاطف فلمی کہانیاں سنارہا ہے کہ میں ایک بندے کو ٹھوک کر آیا ہوں، عاطف واپسی پر 15 لاکھ لایا تھا جو خضر کا ادھار تھا وہ واپس کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔