گھوڑے کی طرح دوڑنے اور چھلانگ لگانے والی خاتون کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جولائی 2019
ناروے کی خاتون عائلہ کرسٹائن گھوڑے کی طرح چلتی دوڑتی اور چھلانگ لگاتی ہیں (فوٹو: ڈیلی اسٹار)

ناروے کی خاتون عائلہ کرسٹائن گھوڑے کی طرح چلتی دوڑتی اور چھلانگ لگاتی ہیں (فوٹو: ڈیلی اسٹار)

ناروے: ناروے کی ایک خاتون نے مسلسل مشق سے غیرمعمولی مہارت پیدا کی ہے۔ وہ گھوڑے کی طرح دلکی چال چلتی ہیں، اسی طرح دوڑتی ہیں اور عین گھوڑے کی طرح چھلانگیں بھی لگا سکتی ہیں۔ ویڈیو دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ انہوں نے اس ہنر کے لیے بہت محنت کی ہے۔

عائلہ کی تصاویر اور ویڈیو دنیا بھر میں مشہور ہورہی ہیں اور اب تک کروڑوں لوگ ان کی ویڈیو دیکھ چکے ہیں۔ دور سے بننے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ بالکل ایک چوپائے کی طرح دوڑتی نظر آتی ہیں۔ جب وہ دوڑنے پر آتی ہیں توان پر گھوڑے کی چال کا گمان ہوتا ہے۔ ان کی یہی ادا دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے ہیں۔

میں جانور بننا چاہتی تھی

عائلہ کرسٹائن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ بچپن سے ہی جانور بننا چاہتی تھیں۔ چار سال کی عمر میں انہیں کتوں سے رغبت ہوئی اور وہ کتے کا روپ دھارنا چاہتی تھیں۔ اس کے بعد انہیں گھوڑوں سے محبت ہوگئی اور وہ گھوڑوں کی طرح دوڑنے لگیں تاہم وہ شروع سے ہی چاروں ہاتھ اور پیروں پر چلنے کی مشق کرنے لگی تھیں۔

ان کی سب سے بڑی خاصیت عین گھوڑوں کی طرح چھلانگ لگا کر رکاوٹیں عبور کرنا ہے۔ اس عمل میں ہڈیوں اور پٹھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جب ان سے جست لگانے کے بعد گرنے یا درد کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ہتھیلیوں کے بل گرتی ہیں اور انہیں کوئی دباؤ اور تکلیف نہیں ہوتی۔

عائلہ نے بتایا کہ مجھے اس کی وجہ نہیں معلوم لیکن میرے جسم میں کوئی درد نہیں ہوتا۔

ان کے انسٹاگرام مداحوں کی تعداد بھی ہزاروں میں پہنچ چکی ہے۔ ٹویٹر پر بھی لوگوں نے ان کی حیرت انگیز صلاحیت کی تعریف کی ہے تاہم بعض افراد نے انہیں انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے جواب میں عائلہ نے کہا ہے کہ آخر وہ کیوں اپنا اکاؤنٹ بند کریں اور انہوں ںے لوگوں کو سکون سے بیٹھے رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔