قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  بدھ 17 جولائی 2019
شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت عدنان چنہ کے نام سے ہوئی ہے۔  فوٹو: فائل

شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت عدنان چنہ کے نام سے ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے علاقے سوپور میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا ہے۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت عدنان چنہ کے نام سے ہوئی ہے جو ایک مقامی یونیورسٹی کا طالبعلم تھا۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی اور دروغ گوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ نوجوان عدنان چنہ بھارتی فوج کے ساتھ مقابلے میں گند براتھ کے علاقے میں میں اپنی جان سے گیا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

Kashmiri Youth Killed Adnan Channa

دوسری جانب علاقہ مکینوں نے پولیس کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کیا اور ریاستی دہشت گردی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ علاقہ مکینوں نے نوجوان کی میت حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

قابض بھارتی فوج نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔