محمد حفیظ کا ٹیسٹ کیریئر سنگین طوفانوں میں گھر گیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2013
زمبابوے کیخلاف یونس کے سب سے زیادہ 309 رنز، سعید اجمل نے 14 وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

زمبابوے کیخلاف یونس کے سب سے زیادہ 309 رنز، سعید اجمل نے 14 وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: محمد حفیظ کا ٹیسٹ کیریئر سنگین طوفانوں میں گھر گیا، رواں سال انھوں نے انتہائی غیرمعیاری کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

کمزور زمبابوے کیخلاف بھی ان کا بیٹ خاموش رہا، اگر سلیکٹرز نے ذمہ داری ایمانداری سے نبھائی تو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں حفیظ کا نام شامل نہ ہوگا، رواں برس وہ ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کر سکے ہیں، جنوبی افریقہ کیخلاف 6 اور 2، 17 اور صفر جبکہ 18اور صفر پر وکٹ گنوائی، حالیہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں وہ 5 اور16رنز تک محدود رہے جبکہ جاری میچ میں 22 اور 16 رنز بنائے، یوں 2013 میں 5 ٹیسٹ کے دوران انھوں نے10.2 کی اوسط سے102رنز اسکور کیے ہیں، یہ کارکردگی کسی ٹیل اینڈر سے بھی کمتر معیار کی ہے، اس دوران صرف 5 وکٹیں ہی حفیظ کے ہاتھ آئیں۔

دوسری جانب اسد شفیق بھی ان دنوں سخت مایوس کر رہے ہیں، پروٹیز کیخلاف کیپ ٹائون ٹیسٹ میں سنچری کے بعد سے وہ 19، 6، 6، 4، 15، 10،14 کی اننگز ہی کھیل سکے، یوں آخری7اننگز میں انھوں نے صرف 74 رنز ہی جوڑے۔ رواں سیریز میں یونس خان 103 کی اوسط سے 309 رنز بنا کر سب سے آگے رہے، خرم منظور نے ابتدائی ٹیسٹ کی ناکامی کا ازالہ جاری میچ کی دونوں اننگز میں ففٹیز سے کیا، انھوں نے سیریز میں 121 رنز اسکور کیے، اظہر علی کی اگر 78 کی ایک باری ہٹا لی جائے تو بقیہ 3 اننگز میں وہ محض7 رنز ہی بنا سکے، کپتان مصباح الحق نے اب تک 54.66 کی اوسط سے 164 رنز اسکور کیے ہیں۔ بولنگ میں سعید اجمل 14 وکٹوں کیساتھ کامیاب ترین پاکستانی بولر ثابت ہوئے، عبدالرحمان اور جنید خان نے 9،9 جبکہ راحت علی نے 8 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔