ٹرمپ حافظ سعید کی گرفتاری پر اپنی منفی اور نفرت آمیز سوچ نہیں چھپا سکے

ویب ڈیسک  بدھ 17 جولائی 2019
ڈو مور کی بلاجواز رٹ لگائے رکھنے والے ٹرمپ کو پاکستان کی قربانیاں نظر نہیں آتیں۔ فوٹو : فائل

ڈو مور کی بلاجواز رٹ لگائے رکھنے والے ٹرمپ کو پاکستان کی قربانیاں نظر نہیں آتیں۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حافظ سعید احمد کی گرفتاری پر پاکستان کے کردار کی تعریف کرنے کے بجائے اپنی روایت کو برقرار کرتے ہوئے طنز کے تیر چلائے اور میں نہ مانو کی رٹ برقرار رکھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ 10 برس کی تلاش بسیار کے بعد آخر کار ممبئی حملے کے نام نہاد ماسٹر مائنڈ کو پاکستان میں گرفتار کرلیا گیا ہے، 2 برسوں سے اس کی گرفتاری کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔ ڈو مور کی رٹ لگائے رکھنے والے صدر ٹرمپ کو پاکستان کی قربانیاں نظر نہیں آتیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی متنازع ٹویٹ میں کسی کا نام نہیں لیا تاہم واضح اشارہ حافظ سعید احمد کی گرفتاری کی جانب ہے حالانکہ پاکستان جو خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے نے اپنی قانونی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ہمیشہ حافظ سعید کی گرفتاری کے لیے ہر ضروری اقدام کو بروئے کار لایا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گرفتار

قبل ازیں پاکستان حافظ سعید کے زیر انتظام چلنے والے فلاحی ادارے کو بھی اپنے تحویل میں لے چکا ہے اور بین الاقوامی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے مشتبہ افراد کے اکاؤنٹس کو بھی ضبط کر چکا ہے تاہم ضدی اور خود پرست ٹرمپ کو یہ کاوشیں نظر نہیں آتیں۔  صدر ٹرمپ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہنے کے بجائے مودی سرکار کی گود میں جا بیٹھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔