نیب نے شہبازشریف کی جائیداد کی ممکنہ منتقلی روکنے کے احکامات جاری کردیے

ویب ڈیسک  بدھ 17 جولائی 2019
نیب نے محکمہ ایکسائز کو سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے نام گاڑیوں کی منتقلی روکنے کیلئے بھی خط لکھا ہے، فوٹو: فائل

نیب نے محکمہ ایکسائز کو سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے نام گاڑیوں کی منتقلی روکنے کیلئے بھی خط لکھا ہے، فوٹو: فائل

 لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کے نام پر جائیداد کی منتقلی کے خدشات پر متحرک ہو گیا ہے۔

نیب لاہور  نے سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کے نام پراپرٹی کو منجمد کرنے کی قانونی کارروائی کرنے سے پہلے اس جائیدار کی منتقلی روکنے کا فیصلہ کیا۔

نیب نے سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی بیویوں اور بیٹوں کے جائیدار منتقلی کے معاملے پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈی ایچ اے ایل ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ حکام کو مراسلے جاری کردیے۔

اس مقصد کیلیے نیب نے ڈپٹی کمشنر ہری پور ، محکمہ ایکسائز، گلگت بلستان ، جوڈیشل کالونی اورایس ای سی پی کے حکام  ڈی جی اہل ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کو الگ الگ مراسلے لکھے ہیں جس میں یہ نشاندہی کی گئی نیب شہباز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کیخلاف منی لاندرنگ اور غیر قانونی اثاثے کی چھان بین کر رہی ہے۔

نیب نے یہ دعویٰ کیا کہ دوران تفتیش میاں  شہباز شریف کی بیویوں اور بیٹیوں کی مختلف علاقوں میں جائیدار کے بارے میں سراغ ملا ہے، نیب نے مراسلے میں نیب آرڈیننس کی دفعات کا حوالہ دیا اور زور دیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک شہباز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کی پراپرٹیز  کسی دوسرے کے نام منتقلی نہ کی جائے۔

نیب نے محکمہ ایکسائز کو سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے نام گاڑیوں کی منتقلی روکنے کیلئے بھی خط لکھا ہے اور محکمہ ایکسائز کے حکام کو پابند کیا کہ وہ کسی فرد کے  نام گاڑیاں منتقل نہ کی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔