بھارت نے پاکستان سے میچز کے امکانات کو مسترد کردیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2013
میڈیا میں گرین شرٹس اور سری لنکا کی شمولیت سے ٹرائنگولرسیریزکی اطلاعات۔ فوٹو: فائل

میڈیا میں گرین شرٹس اور سری لنکا کی شمولیت سے ٹرائنگولرسیریزکی اطلاعات۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے مستقبل قریب میں پاکستان سے میچز کے امکانات کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدہ حالات میں باہمی مقابلوں کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکتا، دوسری طرف بھارتی میڈیا میں دورئہ جنوبی افریقہ مختصر یا ختم ہونے سے پیدا ہونے والا خلا پُر کرنے کیلیے پاکستان اور سری لنکا کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کرانے کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اے سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلیے بھارت میں ہیں، میڈیا کے مطابق اس دوران بھارتی حکام سے ٹرائنگولر سیریز کے حوالے سے بھی بات چیت بھی ہوگی، اس مقصد کیلیے پاکستان یو اے ای میں سری لنکا کیخلاف سیریز کا شیڈول تبدیل کرنے کو بھی تیار ہے۔

دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری اس حوالے سے قطعی مختلف خیالات رکھتے ہیں، انوراگ ٹھاکر نے پاکستان دشمنی کی رو میں کھیلوں کو بہا لے جانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ جب تک سرحدوں پر کشیدگی ختم نہیں ہوتی دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا خواب بھی نہیں دیکھا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ ہر کوئی پاک بھارت مقابلے دیکھنا چاہتا ہے لیکن ہمارے سپاہی سرحدوں پر جانیں گنوا رہے ہیں، مسائل ختم ہونے تک دوطرفہ کرکٹ روابط کی بحالی ممکن نہیں ہوسکتی، کوئی کھیل قومی سلامتی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔