گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کے لیے 5 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری

محمد یوسف انجم  جمعرات 18 جولائی 2019
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی یہ لیگ 25 جولائی سے انٹاریو میں کھیلی جارہی ہے۔ فوٹو : فائل

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی یہ لیگ 25 جولائی سے انٹاریو میں کھیلی جارہی ہے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا ٹورنامنٹ کے لیے 5 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری کردیے گئے ہیں۔

قومی ٹیم کے 5 کھلاڑیوں کو گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا ٹورنامنٹ کے لیے این او سی جاری کردیے گئے ہیں۔ ان کرکٹرز میں شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، شاداب خان، اورعمر اکمل شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی یہ لیگ 25 جولائی سے انٹاریو میں کھیلی جارہی ہے جس کا فائنل 11 اگست کو شیڈول ہے، اس لیگ میں سابق کپتان شاہد آفریدی بھی شرکت کررہے ہیں جن کو پی سی بی کی جانب سے این اوسی کی ضرورت نہیں۔ اوپنر فخر زمان نے بھی این اوسی کے لیے درخواست دی تھی تاہم ان کا کیس بعد میں دیکھاجائے گا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق دوسری لیگز میں قومی کرکٹرز شریک ہوسکیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ بھی بعد میں کیاجائے گا، فی الحال کینیڈا لیگ کے لیے جن کھلاڑیوں نے معاہدے کیے ہیں ان کو کھیلنے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔