خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک / احتشام بشیر  جمعرات 18 جولائی 2019
قبائلی اضلاع کے 28 لاکھ سے زائد ووٹرز صوبائی اسمبلی کے لیے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے فوٹو: فائل

قبائلی اضلاع کے 28 لاکھ سے زائد ووٹرز صوبائی اسمبلی کے لیے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے فوٹو: فائل

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہلی بار قبائلی اضلاع کو نمائندگی دینے کے لیے انتخابات ہفتے کے روز ہونے جارہے ہیں، صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ انتخابی سامان کی تقسیم کل سے شروع ہوگی۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں کے لیے انتخابات ہفتے کے روز ہونے جارہے ہیں متعلقہ اضلاع میں انتخابی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابی سامان کل تقسیم کیا جائے گا اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کو بھجوایا جائے گا۔

قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے ایک ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 554 کو انتہائی حساس اور461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اور حساس قراردیا گیا ہے۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز میں فوج کے جوان تعینات کیے جائیں گے۔

پولنگ ہفتے کے روز صبح 8 بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، 16 نشستوں کے لیے 297 امیدوار میدان میں ہیں، 28 لاکھ سے زائد ووٹرز صوبائی اسمبلی کے لیے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جس میں خواتین ووٹرز کی تعداد گیارہ لاکھ 30 ہزار 529 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 16 لاکھ 71 ہزار305 ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔