کراچی میں نرسز کے احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارج

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جولائی 2019
پولیس نے حراست میں لیے گئے تمام مظاہرین کو رہا کردیا فوٹو: فائل

پولیس نے حراست میں لیے گئے تمام مظاہرین کو رہا کردیا فوٹو: فائل

 کراچی: مطالبات کے حق میں نرسز کے احتجاج پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور متعدد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

کراچی میں مطالبات کے حق میں نرسز کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا، احتجاج کے 15ویں روز مظاہرین نے کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تاہم جیسے ہی نرسز پی آئی ڈی سی پہنچیں تو پولیس نے انہیں روکنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج بھی کیا جس کے بعد سندھ نرسنگ الائنس کے صدر سمیت متعدد نرسوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر پر عملدرآمد، ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس اور ٹیچنگ الاؤنس فراہم کیا جائے، حکومت نے یقین دہانی کرائی مگرعملدرآمد نہیں کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے نرسز کی گرفتاری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فوری طور پر زیر حراست مظاہرین کو رہا کرنے کا حکم دیا جب کہ مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی احتجاجی نرسز سے مذاکرات کے لیے پہنچ گئے۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے نرسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آپ کے احتجاج کا نوٹس لیا ہے، حکومت آپ کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے، احتجاج آپ کا حق ہے لیکن احتجاج مہذب انداز میں ہوتو بہتر ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حراست میں لیے گئے تمام افراد کو رہا کردیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو آپ کے تمام مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔