احتساب شروع ہوگیا جس نے جو کیا ہے وہ بھگتے گا، وفاقی وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جولائی 2019
وزیراعظم وہ کام ضرور کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو، اعجاز شاہ فوٹو: فائل

وزیراعظم وہ کام ضرور کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو، اعجاز شاہ فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ احتساب شروع ہوگیا ہے اب جس نے جو کیا ہے وہ بھگتے گا۔  

کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اس کا چیئرمین (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے ہی لگایا تھا، کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی دخل نہیں، کسی نے کچھ کیا ہوگا جب ہی گرفتاری ہوئی ہے، احتساب شروع ہوگیا ہے جس نے جو کیا ہے وہ بھگتے گا، مفتاح اسماعیل نے کچھ کیاہوگا جو نیب گرفتار کرے گی، آصف زرداری نے خود کہا تھا ایسا تو ہوتا ہے ایسے کاموں میں۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی میں واضح تبدیلی آئی ہے، وزیراعظم واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں وہ کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے، وزیراعظم نے کئی بار کہا ہے کہ یہاں وار لارڈ نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعظم وہ کام ضرور کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو، اب کوئی بندوق لے کر نہیں چل سکتا۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وزیرداخلہ کراچی آئے ہیں، کراچی نے بہت کشت وخون دیکھا ہے، سندھ میں پائیدار امن وامان کی صورتحال چاہتے ہیں، سندھ میں سیاسی صورتحال پر بھی وزیرداخلہ سےبات ہوئی  ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔