پی ٹی آئی حکومت عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2013
بات سے بات کی ٹیم کا سیدوشریف اسپتال کا دورہ، لوگوں نے شکایات کے انبار لگا دیے. فوٹو: فائل

بات سے بات کی ٹیم کا سیدوشریف اسپتال کا دورہ، لوگوں نے شکایات کے انبار لگا دیے. فوٹو: فائل

لاہور: خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت اپنے وعدوں کے مطابق عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

خیبرپختونخوا انتظامیہ 90 دن میں تبدیلی کے منشور پر تاحال کس حد تک کامیاب ہوئی ہے یہ جاننے کے لیے ایکسپریس نیو زکے پروگرام بات سے بات کی ٹیم نے میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار کی قیادت میں خیبر پختونخوا کا دورہ کیا۔ سیدوشریف ٹیچنگ اسپتال کے دورے کے دوران شہریوں نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبارلگادیے۔ایک بزرگ نے کہا کہ ڈنگی کے سیکڑوں مریض اسپتال آتے ہیں ان کے لیے نہ تو بستر ہیں اور نہ ہی دیگر سہولتیں۔ ایک ٹیسٹ کے نتیجے کے لیے کئی کئی روزتک انتظار کرنا پڑتا ہے۔

ایک آدمی کا کہناتھا کہ جب کوئی افسر یہاں آتا ہے تب صفائی ہوتی ہے۔ایک مریض کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعلیٰ سے خوش نہیں ہیں ان کے اور پچھلی حکومت کے کاموں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ ہم تو حکمرانوں کی نظر میں کیڑے مکوڑے ہیں یہاں پر توجس کی سفارش ہو یا کوئی افسر ہو اس کا ہی علاج ہوتا ہے ۔ڈی ایم ایس ڈاکٹر خورشید احمد نے کہاکہ عوام میں شعورپیدا کرنا ایڈمنسٹریشن کا کام ہے ہمارا کام علاج کرنا ہے جو ہم کررہے ہیں ۔اسپتال کی انتظامیہ نے کہا کہ ہمارے پاس عملے کی کمی ہے جس کی وجہ سے رزلٹ تاخیر کا شکار ہورہے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔