قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹرز پر حملہ، 12 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جولائی 2019
مرنے والوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں، ترجمان صوبائی گورنر (فوٹو: فائل)

مرنے والوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں، ترجمان صوبائی گورنر (فوٹو: فائل)

قندھار: افغانستان کے جنوبی شہر قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کے باہر کار بم دھماکے میں کم ازکم 12 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو پولیس ہیڈ کوارٹرز کے دروازے  سے ٹکرا دیا گیا جس سے زوردار دھماکا ہوا اور اطراف میں پوزیشن سنبھالے حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کردی۔

ہیڈ کوارٹرز کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جب کہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے اطراف کے علاقے  کو گھیرے میں لے لیا اور تاحال حملہ آوروں اور سیکورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان فضائیہ کی بمباری میں کمانڈرز سمیت 25 طالبان جنگجو اور 5 شہری ہلاک

شہر کے پولیس چیف تادین خان کا کہنا ہے کہ  حملہ آوروں نے پولیس کے انسداد منشیات ونگ کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا ہے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ علاقے سے یکے بعد دیگرے دھماکوں اور گولیاں چلنے کی آوازیں مسلسل آرہی ہیں۔

صوبائی گورنر کے ترجمان باہیر احمدی کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ تاحال کسی گروپ یا طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔