پاکستان کا بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جولائی 2019
کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ بھارت کو پاکستانی قوانین کے مطابق قونصلر رسائی دی جائے گی جس کے لیے طریقہ کار طے کیا جارہا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو آئی سی جے (عالمی عدالت) کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہےاور آئی سی جے کے فیصلے کے تناظر میں کلبھوشن یادیو کو اس کے حاصل حقوق سے متعلق اسے آگاہ کردیا گیا ہے۔

اسی سے متعلق: کلبھوشن کیس میں قانون کی روشنی میں آگے بڑھیں گے، وزیراعظم

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پاکستانی قوانین کے مطابق قونصلر رسائی دیں گے جس کے لیے طریقہ کار طے کیا جارہا ہے۔

یہ پڑھیں: پاکستان کی فتح، عالمی عدالت نے بھارتی درخواست مسترد کردی

یاد رہے کہ دو روز قبل ہی عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت اور اسے بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔