سرمائے کا انخلا، اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے 1 کھرب 26 ارب ڈوب گئے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 19 جولائی 2019
86فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ، سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 65 کھرب 61 ارب 79 کروڑ 20 روپے ہو گئی
 فوٹو: فائل

86فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ، سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 65 کھرب 61 ارب 79 کروڑ 20 روپے ہو گئی فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمائے کے انخلاکے باعث جمعرات کومندی کے اثرات غالب رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای100 انڈیکس 672.45 پوائنٹس کمی سے 32309.54 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا جبکہ 85.93 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 1کھرب26ارب92کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا۔

کاروباری حجم گزشتہ روزکی نسبت 21.64فیصدکم رہا۔گذشتہ روزحکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، بینکنگ، کیمیکل، فوڈز، سیمنٹ سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 33014پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم بعد ازاں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس میں گرفتاری کی خبروں پر مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دینے لگے ، جس سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس 32222پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث ریکوری آئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس 672.45 پوائنٹس کمی سے32309.54 پوائنٹس پر بندہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 303.88پوائنٹس کمی سے15274.54پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1308.42 پوائنٹس کمی سے 50403.71 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس459.71پوائنٹس کمی سے23767.01 پوائنٹس پربندہوا۔

گزشتہ روز مجموعی طور پر 320کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 29 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،275 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سرمایہ کاری مالیت میں 1 کھرب 26 ارب 92کروڑ 16لاکھ59ہزار96روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 65 کھرب 61 ارب 79 کروڑ 20 لاکھ 96 ہزار 326 روپے ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔