قبائلی اضلاع میں الیکشن کے نتائج واٹس ایپ پر بھیجے جائیں گے، الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جولائی 2019
خیبرپختونخوا حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

خیبرپختونخوا حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی انتخابات کے نتائج واٹس ایپ پر بھیجے جائیں گے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن حکام نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے کہا کہ کل کے انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں میڈیا اور سیکورٹی اداروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے، انتخابی نتائج واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائیں گے، خیبرپختونخواہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، انتخابات کی مانیٹرننگ کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کل صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ الیکشن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار اور سینکڑوں آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔ قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ قبائلی عوام صوبائی سطح پر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔