بھارت میں ‘گاؤ ماتا کے محافظوں‘ کے بہیمانہ تشدد سے 3 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جولائی 2019
پولیس مقتولین کے لواحقین کے احتجاج پر مقدمہ درج کرنے پر مجبور ہوگئی (فوٹو : بھارتی میڈیا)

پولیس مقتولین کے لواحقین کے احتجاج پر مقدمہ درج کرنے پر مجبور ہوگئی (فوٹو : بھارتی میڈیا)

پٹنہ: بھارت میں گاؤ ماتا کی حفاظت کے نام پر گاڑی میں مویشی لے جانے والے تین افراد کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تینوں کی موت واقع ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے ایک گاؤں میں مشتعل ہجوم نے گائے چوری کا الزام عائد کر کے 3 افراد کو تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد ایک ٹرک میں مویشیوں کو لاد کر لے جا رہے تھے کہ گاؤں کے لوگوں نے انہیں روک لیا اور لاٹھیوں، گھونسوں اور لاتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث 3 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ نے اسپتال کے باہر شدید احتجاج کیا جس پر پولیس حرکت میں آئی اور مظاہرین کے مطالبے کو مانتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کا کہنا تھا کہ گاؤں میں مویشی چوری کے واقعات عام ہیں اس لیے انہیں بھی چور سمجھا گیا۔

واضح رہے کہ 2015ء سے لے کر اب تک بھارت میں 44 افراد کو گائے کے تحفظ کے نام پر ہلاک کیا جاچکا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے مشتعل ہجوم کے ہاتھوں معصوم افراد کی ہلاکت پر اسمبلی کو قانون سازی کا حکم بھی دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔