امریکی شہری کا لاپتا پالتو کتے کو ڈھونڈنے پر گھر، پلاٹ اور کارخانہ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جولائی 2019
مالک نے کتے کے پوسٹر بھی لگوائے لیکن چار ماہ گزرنے کے بعد بھی اس کا کچھ پتا نہیں چلا (فوٹو: اسکرین گریب)

مالک نے کتے کے پوسٹر بھی لگوائے لیکن چار ماہ گزرنے کے بعد بھی اس کا کچھ پتا نہیں چلا (فوٹو: اسکرین گریب)

ٹکسن: امریکی باشندے نے اپنے گمشدہ پالتو کتے کو تلاش کرنے والے کے لیے بطور انعام ایک گھر دینے کا اعلان کردیا اس کے بعد انعام میں انہوں ںے اپنا ایک پلاٹ اور کارخانہ بھی شامل کرلیا۔ 

ٹکسن کے رہائشی ایڈی کولنز کے پاس جینی نامی کتا تھا جو اپریل سے لاپتا ہے۔ ’چی ہوا ہوا‘ نسل کا یہ کتا نایاب ہے اور اپنے مالک کو بہت پیارا تھا۔ اس کی تلاش میں ایڈی کولنز نے جانوروں کی پناہ گاہوں، بازاروں اور سارے علاقوں کو چھان مارا لیکن جینی کا اب تک کوئی پتا نہیں چل سکا یہاں تک کہ اس کے پوسٹر بھی لگوائے گئے اور اب جولائی میں بھی اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ایڈی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک بیڈروم والا ٹریلر گھر اس شخص کو انعام میں دے گا جو اس کے پالتو کتے کو ڈھونڈ لائے گا۔ اس کے بعد انہوں نے انعام میں اضافہ کردیا اور اب اپنا ورکشاپ اور ایک چھوٹا پلاٹ بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایڈی نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ ان کا دل اب بہت دکھی ہوچکا ہے اور وہ ہر روز اپنے کتے کو تلاش کررہے ہیں۔ ایڈی نے بتایا کہ ’ مجھے اپنا کتا جینی ہر حال میں چاہیے، جو کوئی اسے واپس لائے گا میں اس سے کوئی سوال پوچھے بغیر انتہائی دیانت داری سے اپنا گھر، ورکشاپ اور ایک پلاٹ انعام میں دوں گا‘۔

کتے کے اشتہاری پوسٹر پر انہوں نے لکھا ہے،’مجھے کوئی اٹھا کر لے گیا ہے اگر میں آپ کو کہیں  نظر آؤں تو سنیں کہ میرے والد میری تلاش میں ہیں، اگر آپ مجھے گھر پہنچادیں گے تو ایک کمرے کا مکان، ورکشاپ اور پلاٹ سب آپ کا ہوجائے گا، میرا نام جینی ہے‘۔

اینڈی نے بتایا کہ جینی کتیا مجھے اہلِ خانہ کی طرح عزیز ہے جس کے سامنے مادی اشیا کی کوئی قیمت نہیں لیکن تمام کوششوں کے باوجود اب تک جینی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔