ٹریفک حادثات و واقعات میں4افراد جاں بحق، مشتعل افراد نے ڈمپر جلا دیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 15 ستمبر 2013
آئی سی آئی پل کے قریب تیز رفتار گاڑی نے امان اللہ کو روند ڈالا،دنبہ گوٹھ کے قریب نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سوارکو ٹکر مارکر ہلاک کردیا فوٹو: فائل

آئی سی آئی پل کے قریب تیز رفتار گاڑی نے امان اللہ کو روند ڈالا،دنبہ گوٹھ کے قریب نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سوارکو ٹکر مارکر ہلاک کردیا فوٹو: فائل

کراچی:  شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں4 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ، مشتعل افراد نے نیو کراچی کے قریب حادثے کے ذمے دار ڈمپر کو نذر آتش کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے4-Kچورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں25سالہ اﷲ رکھا ہلاک جبکہ فہد ولد ہارون زخمی ہوگیا موقع پر موجود مشتعل افراد نے ڈمپر کو نذر آتش کر دیا ، ہلاک ا ور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ایس ایچ او بلال کالونی چنگیز خان نے بتایا کہ متوفی نیو کراچی سیکٹر5/Fکے رہائشی تھے حادثے کا ذمے دار ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا میمن گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے18سالہ موٹر سائیکل سوار ہلاک ہو گیا۔

متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ، پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی جبکہ آئی سی آئی پل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر32سالہ امان اﷲ ہلاک ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی ۔

حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، گذری کے علاقے پی اینڈ ٹی کالونی میں مکان کی چھت پر کام کے دوران50 سالہ عبد الوحید ولد لال بخش پر اسرار طور پر پیر پھسل جانے سے چھت سے نیچے گر کر ہلاک ہو گیا متوفی کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ، پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملی تھی تاہم ایم ایل او جناح اسپتال نے کوئی انٹری نہیں کرائی جس کے باعث پولیس کارروائی کے لیے اسپتال نہیں گئی ۔

گبول ٹاؤن تھانے کی حدود نیو کراچی شفیق کالونی کے رہائشی 17سالہ کبیر ولد شبیر نے پر اسرار طور پر گھر میں گلے میں رسی کا پھندا کا پھندا لگا کر پنکھے کے کنڈے سے لٹک کر خودکشی کر لی متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی پولیس کے مطابق متوفی کا آبائی تعلق پنجاب کے علاقے سیالکوٹ سے تھا جو کراچی میں روزگار کے لیے آیا ہوا تھا اور اپنے انکل وغیرہ کے ساتھ رہائش پزیر تھا متوفی نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک ایمبرائیڈری کی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا جبکہ وہ گزشتہ 2 روز سے کام پر نہیں گیا تھا ، متوفی کے انکل نے پولیس کو بتایا کہ کبیر غصہ کا بہت تیز تھا کسی بات پر غصہ آگیا اور اس نے خودکشی کر لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔