عاطف اسلم کی آواز میں ’’سپر اسٹار‘‘ کا گانا سپر ہٹ ہوگیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جولائی 2019
فلم’’سپراسٹار‘‘عیدالاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائےگی، فوٹوانٹرنیٹ

فلم’’سپراسٹار‘‘عیدالاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائےگی، فوٹوانٹرنیٹ

کراچی: نامور گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ کا گانا مقبول ہوگیا۔

اداکارہ ماہرہ خان  اور بلال اشرف کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے ہی شائقین بے چینی سے فلم ریلیز ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ جب کہ فلم کے گزشتہ روز جاری ہونے والے گانے’’ان دنوں‘‘ نے شائقین کی بے چینی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

گانے کو یوٹیوب پر محض ایک دن میں 2 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ اس گانے میں عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، جب کہ گانے کی کمپوزیشن اذان سمیع اور سعد سلطان نے مل کردی ہے۔ گانے کے انتہائی خوبصورت بول شکیل سہیل نے تحریر کیے ہیں۔ اس سے قبل فلم ’’سپراسٹار‘‘ کا گانا ’’بے کراں‘‘ بھی شائقین میں مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ عام لڑکی سے سپر اسٹار بننے تک کی کہانی پر مشتمل فلم ’’سپراسٹار‘‘ عیدالاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔