بھارت میں نالے میں پھینکی گئی نومولود بچی کو کتوں نے بچالیا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جولائی 2019
بچی کو نازک حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ فوٹو:بھارتی میڈیا

بچی کو نازک حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ فوٹو:بھارتی میڈیا

ہریانہ: بھارت میں پلاسٹک کی تھیلی میں بند کرکے نالے میں پھینکی گئی نوازئیدہ بچی کو گلی کے آوارہ کتوں نے نکال کر بچا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ میں گلی کے آوارہ کتوں نے نالے کے گندے پانی میں پلاسٹک کی تھیلی میں بہتی نوزائیدہ بچی کو نکال لیا اور زور زور سے بھونکتے ہوئے علاقہ مکینوں کو متوجہ کیا۔ لوگوں نے بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی جان بچالی گئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ پورا واقعہ فلم بند ہو گیا اور ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صبح 4 بجے ایک خاتون پلاسٹک کی تھیلی میں کوئی چیز لاتی ہے اور اسے مکانوں سے منسلک نالے میں پھینک کر چلی جاتی ہے تھوڑی دیر بعد کتوں کو ایک گروہ آتا ہے جو نالے سے تھیلی کو نکال کربچی کو بچا لیتا ہے۔

کتوں نے لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے زور زور سے بھونکنا شروع کردیا جس سے محلے کے مکین باہر نکل آئے اور نومولود کو دیکھ کر پولیس کو فون کیا، بچی کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ  میں رکھا گیا ہے اور اب بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس نے نامعلوم خاتون کیخلاف مقدمہ درج کر کے خاتون کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ریاست ہریانہ میں لڑکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے اور لڑکیوں کی پیدائش کو برا سمجھا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔