عالمی بلین مارکیٹ کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت گر گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جولائی 2019
دس گرام سونے کی قیمت 685 روپے کمی سے71400 روپے پرآگیا۔(فوٹو: فائل)

دس گرام سونے کی قیمت 685 روپے کمی سے71400 روپے پرآگیا۔(فوٹو: فائل)

کراچی: مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے کم ہو کر 83 ہزار 300 روپے کی سطح پر آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں ہفتے ڈالر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری نے سونے کی قیمتوں کو بھی پر لگادیئے اور سونے کی قیمت نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 84 ہزار کا ہندسہ بھی عبور کرلیا،

ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 40 پیسے مہنگا ہو کر  158.79 سے بڑھ کر 160.19 روپے پر بند ہوا، اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 1.10 روپے اضافے کے ساتھ  ڈالر 159.50 سے بڑھ کر 160.60 روپے کا ہوگیا،  جب کہ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت 84 ہزار 100 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

تاہم ہفتے کے روز عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 13 ڈالر کی کمی ہوئی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1425 ڈالر کی سطح پر آگئی، جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 800 روپے اور 685 روپے کمی واقع ہوئی۔

عالمی مارکیٹ میں قیمت میں کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی گھٹ کر 83 ہزار 300 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت کمی کے بعد 71  ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔