گھوٹکی میں ضمنی انتخاب؛ پی پی کا رہنما اپنی ہی جماعت کے مدمقابل آگیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جولائی 2019
این اے 205 کی نشست وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی (فوٹو: فائل)

این اے 205 کی نشست وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی (فوٹو: فائل)

کراچی: گھوٹکی میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کا ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین اپنی ہی جماعت کے امیدوار کے خلاف میدان میں آگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین این اے 205 کے ضمنی انتخاب میں اپنی ہی جماعت کے ٹکٹ ہولڈر کے خلاف امیدوار بن گئے، جس پر انہیں جماعت کی رکنیت سے خارج کر دیا گیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے  چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل حاجی خان مہر کی اپنی ہی جماعت کے امیدوار محمد بخش مہر کے مدِمقامل آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین کا اپنی ہی جماعت کے امیدوار کے خلاف الیکشن لڑنا مضحکہ خیز ہے، اس اقدام سے پارٹی ورکز کی صفوں میں غصے کی لہر ڈور گئی ہے، جس پر حاجی خان مہر کو جماعت سے نکال کر اس کی رکنیت بھی خارج کردی گئی ہے۔

وقار مہدی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ حاجی خان مہر کو چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کے عہدے سے ہٹایا جائے اور ڈسٹرکٹ کونسل کی نشست خالی کروا کر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

واضح رہے کہ  قومی اسمبلی کے حلقہ 205  گھوٹکی کی نشست وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد خان مہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی اور یہاں انتخاب 18 جولائی کو شیڈول تھے تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے میں ہونے والا ضمنی انتخاب 5 دن کے لیے ملتوی کردیا تھا اور اب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق این اے 205 میں ضمنی انتخاب 23 جولائی کو ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔