قبائلی اضلاع میں صوبائی انتخابات؛ پی ٹی آئی اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا

ویب ڈیسک  اتوار 21 جولائی 2019
16 عام نشستوں کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کے لئے بھی 5 نشستیں مختص ہیں فوٹو: فائل

16 عام نشستوں کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کے لئے بھی 5 نشستیں مختص ہیں فوٹو: فائل

پشاور: قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام حلقوں کے نتائج آ گئے ہیں، آزاد ارکان 6، پی ٹی آئی 5، جے یو آئی (ف) 3، جماعت اسلامی اور اے این پی 1، 1 نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ضلع باجوڑ

ضلع باجوڑ سے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے 2 میں تحریک انصاف کامیاب رہی جب کہ ایک پر جماعت اسلامی نے میدان مار لیا۔ باجوڑ پی کے 100 باجوڑ سے پی ٹی آئی کے انورزیب خان 12 ہزار 951 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ جماعت اسلامی کے وحید گل 11 ہزار 755 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 101 باجوڑ 2 سے پی ٹی آئی کے اجمل خان 12194 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ جماعت اسلامی کے ہارون الرشید 10 ہزار 468 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ پی کے 102 کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے سراج الدین 19 ہزار 88 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے حمید الرحمان 13 ہزار 436 ووٹ لےکردوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع مہمند

مہمند پی کے 103 پر اے این پی کے نثار مہمند 10 ہزار 366ہووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ پی ٹی آئی کے رحیم شاہ نے 9 ہزار 186 ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

مہمند سے ہی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 104 پر آزاد امیدوار ملک عباس 11751 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ جے یو آئی (ف) کے عارف حقانی 9801 ووٹ لے کر دوسرے اور تحریک انصاف کے سجاد مہمند 7755 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔

ضلع خیبر

ضلع خیبر سے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں ہیں اور تینوں پر ہی آزاد امیدوار کامیاب قرار پائیے ہیں۔ پی کے 105 خیبر 1 سے آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی نے 18 ہزار 135 ووٹ لے کر میدان مارلیا۔ آزاد امیدوار شیر مت خان 6 ہزار 767 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 106 خیبر 2 سے بھی آزاد امیدوار بلاول آفریدی 12ہزار 814 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ آزاد امیدوار خان شید آفریدی 6297 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 107 خیبر 3 سے آزاد امیدوار محمد شفیق 9 ہزار 896 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں، آزاد امیدوار حمید اللہ جان آفریدی 8 ہزار 428 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع کرم

پی کے 108 ضلع کرم میں جے یو آئی (ف) کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اترنے والے محمد ریاض شاہین نے 12 ہزار 240 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، آزاد امیدوار ملک جمیل خان 11 ہزار 638 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 109 کرم 2 سے پی ٹی آئی کے اقبال میاں نے 36 ہزار 536 ووٹ لے کرمیدان مار لیا، آزاد امیدوار عنایت علی 22 ہزار 975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

 

اورکزئی

پی کے 110 اورکزئی سے آزاد امیدوار سابق غازی عزن جمال اورکزئی 18 ہزار 448 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے شعیب حسن نے 14 ہزار 699 ووٹ لئے۔ عزن جمال سابق وفاقی وزیر جی جی جمال اورکزئی کے فرزند ہیں۔

شمالی وزیرستان

پی کے 111 شمالی وزیرستان سے پی ٹی آئی کے محمد اقبال خان 10 ہزار 200 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ جے یو آئی (ف) کے سمیع الدین 9 ہزار 288 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

شمالی وزیرستان 112

شمالی وزیرستان کے حلقہ 112 میں  آزاد امیدوار  میر کلام خان بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائے، انہوں نے 12ہزار 57 ووٹ حاصل کیے۔

شمالی وزیرستان 113

جمعیت علماء اسلام (ف) کے حافظ عصام الدین 10ہزار 356 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ آزاد امیدوار وحید زمان 9 ہزار 679 لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جنوبی وزیرستان 114

پاکستان تحریک انصاف کے نصیر اللہ خان نے 11 ہزار  114 ووٹ لے کرمیدان مار لیا، جب کہ آزاد امیدوار محمد عارف 10 ہزار 272 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 115

سابق 6 فرنٹیئر ریجنز پر مشتمل خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 115 سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار محمد شعیب نے میدان مار لیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16 عام نشستوں کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کے لئے بھی 5 نشستیں مختص ہیں، جن میں عام نشستوں میں کامیابی تناسب کے اعتبار سے دی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔