ریکارڈ مدت تک دہلی کی وزیراعلیٰ رہنے والی شیلا ڈکشٹ 81 سال کی عمر میں چل بسیں

ویب ڈیسک  اتوار 21 جولائی 2019
وہ 1998ء سے 2013ء تک لگاتار 15 برس دہلی کی وزیراعلیٰ رہیں (فوٹو : فائل)

وہ 1998ء سے 2013ء تک لگاتار 15 برس دہلی کی وزیراعلیٰ رہیں (فوٹو : فائل)

نئی دلی: بھارت میں کانگریس کی صف اول کی رہنما اور لگاتار 15 سال تک دہلی کی وزیراعلیٰ رہنے والی شیلا ڈکشٹ 81 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 1998ء سے 2013ء تک دہلی پر راج کرنے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ شیلا ڈکشٹ دل کے عارضے میں مبتلا تھیں اور دو روز قبل طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں آج دوران علاج وہ دم توڑ گئیں۔

شیلا ڈکشٹ گزشتہ دو برس سے دل کے عارضے میں مبتلا تھیں اور پچھلے سال فرانس میں ان کی سرجری بھی ہوئی تھی اور صحت یابی کے بعد انہوں نے بھارت واپس آکر انتخابات میں حصہ بھی لیا تھا تاہم انہیں بی جے پی کے امیدوار سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شیلا ڈکشٹ کے انتقال پر حکمراں اور اپوزیشن جماعت نے یکساں طور غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے، کانگریس رہنماؤں نے شیلا ڈکشٹ کو ’تاحیات کانگریسی کارکن‘ اور ان کے دور کو روشن عہد قرار دیا جب کہ وزیراعظم مودی نے بھی دہلی کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔

81 سالہ شیلا ڈکشٹ کی آخری رسومات میں سونیا گاندھی سمیت کانگریس کی اعلیٰ قیادت اور وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وہ حریفوں اور حلیفوں میں یکساں طور پر مقبول اور قابل احترام تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔