دبئی میں بھارتی کامیڈین اسٹیج پر ’لائیو پرفارمنس‘ کے دوران ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 21 جولائی 2019
کامیڈین کے اسٹیج پر گرنے اور اکھڑتی سانسوں کو شائقین اداکاری سمجھتے رہے (فوٹو : فائل)

کامیڈین کے اسٹیج پر گرنے اور اکھڑتی سانسوں کو شائقین اداکاری سمجھتے رہے (فوٹو : فائل)

 دبئی: بھارتی مزاحیہ اداکار 36 سالہ منجو ناتھ  نائیڈو اسٹیج پر براہ راست پرفارمنس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث جہان فانی سے کوچ کرگئے جب کہ شائقین اداکار کے دم نکلنے کو اسکرپٹ کا حصہ سمجھتے رہے۔

عرب میڈیا کے مطابق بھارتی شہری منجو ناتھ نائیڈو جو کئی برس سے دبئی میں مقیم تھے اور اسٹیج پر مزاحیہ کردار نبھانے  کے باعث کافی شہرت رکھتے تھے آج براہ راست پرفارمنس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث اسٹیج پر گر کر دم توڑ گئے۔

منجو ناتھ کو پرفارمنس سے قبل انزائٹی ہورہی تھی جسے ساتھی اداکاروں اور پروڈیوسر نے ’اسٹیج فوبیا‘ سمجھ کر نظر انداز کردیا، کھیل کے سب سے آخری حصے میں منجو ناتھ کی پرفارمنس تھی۔

اپنی پرفارمنس کے دوران وہ اچانک اسٹیج پر رکھی بینچ پر بیٹھ گئے اور پھر فوراً اسٹیج پر اوندھے منہ گر گئے، سانسیں اکھڑ رہی تھیں اور پھر جسم بے حرکت ہوگیا، اس سارے عمل کو شائقین اسکرپٹ کا لکھا سمجھتے رہے اور تالیاں بجا کر اداکاری کی داد دیتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔