شام میں اتحادی افواج کی فضائی بمباری میں 43 افراد ہلاک اور 100 زخمی

ویب ڈیسک  پير 22 جولائی 2019
جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں (فوٹو : ٹویٹر)

جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں (فوٹو : ٹویٹر)

دمشق: شام میں اتحادی افواج نے پُررونق بازار پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ادلب کے جنوبی علاقے معارت النعمان کے پُر ہجوم بازار پر اتحادی افواج کے طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 50 سے زائد ہے تاہم اس تعداد کی تصدیق باقی ہے۔

شام میں داعش جنگجوؤں کے آخری ٹھکانے ادلب میں اب بھی گھمسان کی جنگ جارہی ہے، گزشتہ دو ماہ کے دوران ان علاقوں میں ہونے والوں جھڑپوں کے دوران 2 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔ اسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث اموات میں اضافہ ہوا۔

یہ خبر پڑھیں : شام میں فضائی بمباری اور جھڑپیں، 100 سے زائد افراد ہلاک

واضح رہے کہ شام میں 2011ء سے جاری خانہ جنگی میں اب تک 3 لاکھ 70 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار اور کاروبار چھوڑ کر پناہ گزین کیمپوں میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔