وزیراعظم عمران خان نے اہم ترین دورہ امریکا کو مقامی سیاست کی نذرکردیا، سراج الحق

ویب ڈیسک  پير 22 جولائی 2019
عمران خان کا امریکا میں خطاب عالم اسلام کے کسی راہنما یا وزیر اعظم کا نہیں،ایک پارٹی چیئرمین کا تھا، سراج الحق ۔ فوٹو: فائل

عمران خان کا امریکا میں خطاب عالم اسلام کے کسی راہنما یا وزیر اعظم کا نہیں،ایک پارٹی چیئرمین کا تھا، سراج الحق ۔ فوٹو: فائل

لاہور: امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اہم ترین سرکاری دورے کو مقامی سیاست کی نذر کردیا، ان کا خطاب عالم اسلام کے کسی رہنما یا وزیر اعظم کا نہیں پارٹی کے چیئرمین کا تھا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکا میں وزیر اعظم عمران خان کا خطاب عالم اسلام کے کسی رہنما یا وزیر اعظم کا نہیں  بلکہ ایک پارٹی چیئرمین کا تھا، انہیں گھر کے کپڑے باہر دھونے کے بجائے عالم اسلام کے مسائل پر بات کرنی چاہئے تھی لیکن انہوں نے اپنے اہم ترین سرکاری دورے کو لوکل سیاست کی نذر کردیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب ہمیں امریکا کے ڈو مور کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرنا چاہئے، عمران خان کو ٹرمپ سے مرعوب ہونے کی بجائے کھل کرپاکستان کا مقدمہ لڑنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ افغانستان سے امریکی فوجوں کا انخلاء اور وہاں افغان عوام کی مرضی کے نظام کا قیام ضروری ہے، اسی میں خطے بالخصوص پاکستان کا امن پنہاں ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع باقاعدہ قومی دھارے میں شامل ہوگئے ہیں، اب کے پی میں شامل قبائلی علاقوں کی 70سالہ محرومیوں کا ازالہ ہونا چاہئے اور ان علاقوں کو این ایف سی ایوارڈ سے تین فیصدفنڈز اور سی پیک میں حصہ ملنا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔