امریکی جاسوسوں کی گرفتاری کا ایرانی دعویٰ مکمل طور پر جھوٹ ہے، ٹرمپ

ویب ڈیسک  پير 22 جولائی 2019
ایران میں امریکی جاسوسوں کی گرفتاری سفید جھوٹ ہے، ٹرمپ فوٹو : فائل

ایران میں امریکی جاسوسوں کی گرفتاری سفید جھوٹ ہے، ٹرمپ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے جاسوسوں کی گرفتاری کے دعوے کو سفید جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ امریکی انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے کے جاسوسوں کی ایران میں گرفتاری مکمل طور پر جھوٹی خبر ہے جس میں رتی برابر بھی سچائی نہیں، یہ صرف جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔

امریکی صدر نے مزید لکھا کہ جس طرح ایران نے امریکی ڈرون گرانے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا اسی طرح جاسوسوں کی گرفتاری کا دعویٰ بھی لغو ہے، تنزلی اور تباہی کے شکار ایران کو کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کرنا چاہیے، ایران کی معیشت مردہ ہوچکی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : ایران کا 17 امریکی جاسوس پکڑنے کا دعویٰ، کچھ کو سزائے موت

واضح رہے کہ ایران نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے نیٹ ورک کو توڑنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 17 جاسوسوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان میں سے کچھ کو سزائے موت بھی سنائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔