عامر خان کا بھارتی سیاست اور بابری مسجد کی شہادت پر فلم بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 22 جولائی 2019
فلم اگلے سال دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی
(فوٹو: فائل)

فلم اگلے سال دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بھارت کی سیاست اور بابری مسجد کی شہادت پر فلم ’لعل سنگھ چڈھا‘ بنانے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے اپنی سالگرہ پر نئی فلم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میری آنے والی فلم کا نام ’لعل سنگھ چڈھا‘ ہے جوکہ امریکن فلم ’فارسٹ گمپ‘ سے متاثر ہو کر بنائی جارہی ہے، اسے میری اور ویاکوم 18 کی پروڈکشن میں بنایا جارہا ہے جب کہ فلم میں ایڈوت چندن ہدایت کار کے فرائض انجام دیں گے۔

ذرائع کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ محض یہ ایک فلم نہیں بلکہ تاریخی حوالہ ثابت ہوگی کیوں کہ اس فلم میں شہید بابری مسجد سے لے کر مودی سرکار کی حکومت میں ہونے والے اقدام دکھائے جائیں گے جب کہ  دنیا دیکھے گی کہ گزشتہ چند سال میں بھارت میں کیا ہوا۔

تاریخی واقعے پر بننے والی اس فلم میں عامر خان ویژول افیکٹ کے ساتھ ماضی کی کئی سیاسی اور تاریخی شخصیات سے بھی ملیں گے، فلم میں عامر خان سکھ کا کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ فلم ’ لعل سنگھ چڈھا‘ میں عامر خان کے مد مقابل کرینہ کپور مرکزی کردار ادا کریں گی۔ فلم سال 2020ء کے دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔