قربانی کے جانوروں کو اسلحے کے زور پر چھیننے کے واقعات بڑھ گئے

اسٹاف رپورٹر  منگل 23 جولائی 2019
سائٹ سپر ہائی وے گلشن مہران کے کیٹل فارم سے ڈاکو 20لاکھ روپے کے مویشی ٹرکوں پر لاد کرلے گئے
۔ فوٹو: فائل

سائٹ سپر ہائی وے گلشن مہران کے کیٹل فارم سے ڈاکو 20لاکھ روپے کے مویشی ٹرکوں پر لاد کرلے گئے ۔ فوٹو: فائل

کراچی:  عیدالاضحی کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کو اسلحے کے زور پر چھینے جانے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔

سائٹ سپر ہائی وے صنتعی ایریا کے علاقے گلشن مہران ناردرن بائی پاس کے قریب واقع کیٹل فارم میں ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر عملے کو یرغمال بنا کر وہاں پر بندھے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے 13 قربانی کے جانور ٹرکوں اور سوزوکی پک اپ پر لاد کر فرار ہوگئے۔

کیٹل فارم ہاؤس کے مالک عبدالصمد نے بتایا کہ واردات 19 جولائی جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہوئی تھی جس میں ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر چوکیدار اور دیگر 3 ملازمین کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر انھیں تشدد کا نشانہ بنا کر رسیوں سے باندھ دیا اور کیٹل فارم میں بندھے ہوئے 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 13 قربانی کے جانور (گائے و بیل) اپنے ہمراہ لائے ہوئے شہزور ٹرک اور دیگر چھوٹی مال بردار گاڑیوں میں لاد کر فرار ہوگئے ، واقعے کی رپورٹ تھانے میں درج کرائی گئی تاہم پولیس کی جانب سے واردات کا مقدمہ پیر کو درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل گلشن معمار کے علاقے میں بھی ڈاکوؤں نے کیٹل فارم پر دھاوا بول کر عملے کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے 15  مویشی ٹرکوں پر لاد کر لے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔