آئی ٹی سی ہارٹی کلچر، لائیو اسٹاک کی ترقی پر 4 کروڑ یورو خرچ کرے گا

بزنس رپورٹر  منگل 23 جولائی 2019
انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹرکا پراجیکٹ وقت کی ضرورت اور ویژن 2030 سے مطابقت رکھتا ہے، وحید احمد
فوٹو: فائل

انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹرکا پراجیکٹ وقت کی ضرورت اور ویژن 2030 سے مطابقت رکھتا ہے، وحید احمد فوٹو: فائل

کراچی: ورلڈ بینک کا ذیلی ادارہ انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر سندھ اور بلوچستان میں پھل، سبزیوں اور لائیو اسٹاک کے کاروبار کی ترقی کے لیے 4کروڑ 80 لاکھ یورو کی گرانٹ خرچ کرے گا۔

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن سندھ اور بلوچستان میں چھوٹے پیمانے پر ہارٹی کلچر اور لائیو اسٹاک کے کاروبار مستحکم بناکر غربت کے خاتمے کے لیے ورلڈ بینک کی معاونت کرے گی۔

ورلڈ بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر نے ’’گروتھ فار رورل ایڈوانسمنٹ اینڈ سسٹین ایبل پراگریس (جی آر اے پی ایس) ‘‘ پراجیکٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پی ایف وی اے کے ساتھ اشتراک قائم کرلیا ہے۔ انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے وفد نے رابرٹ اسکڈمور کی قیادت میں گذشتہ دنوں پی ایف وی اے کے دفتر کا دورہ کیا۔

پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد اور سابق چیئرمین اسلم پکھالی نے انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے وفد نے وحید احمد اور ایسوسی ایشن کے سینئر اراکین کو جی آر اے پی ایس پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ 6سال کی مدت کے اس پراجیکٹ کے تحت سندھ اور بلوچستان کے چھوٹے فارمرز کو ہارٹی کلچر اور لائیو اسٹاک کے شعبہ میں چھوٹے کاروبار کو فروغ دینے کیلیے معاونت فراہم کی جائے گی۔ پراجیکٹ کے تحت 4کروڑ 80لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کی جائے گی ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔